اہلِ عزم وہمت
انتساب
پاکستان کے ان تمام شہیدوں وغازیوں کے نام جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع وسلامتی کو یقینی بنانے کے لئے بے مثال جد و جہد اور لازوال قربانیوں کے بے شمار باب رقم کئے۔
حرف آغاز
قیام پاکستان کے اوائل ہی سے افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی حفاظت اور ملی خدمات کی ادائیگی میں پیش پیش رہی ہیں۔ مہاجرین کی آبادکاری کا معاملہ ہو یا 1948ء میں کشمیر کے محاذ پر ہونے والی جنگ 1965ء میں دشمن کی جارحیت ہو یا 1971ء کی جنگ ،کارگل کا معرکہ ہو یا پھر نائن الیون کے بعد شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ، افواج پاکستان کے سپوتوں نے پاک سرزمین کی حفاظت اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر یقینی بنائی ہے۔ وطن عزیز کے انہی بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج سے تقریبا سواد دو برس قبل 23 مارچ 2018ء ، یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے لئے مختلف جنگوں اور معرکوں میں جام شہادت نوش فرمانے والے افسروں، جوانوں اور غازیوں کے حوالے سے شعبہ تعلقات عامہ افواج پاکستان نے ایک کتاب ” جنون رخ وفا شائع کی۔ جسے شہداء اور غازیوں کے عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ دیگر قارئین نے بھی بہت پسند کیا۔
اب جلال پبلیکیشنز کی جانب سے دوسری کتاب ” اہل عزم و ہمت شائع کی جارہی ہے۔ جس میں تینوں افواج ، بری، بحری، فضائیہ کے ساتھ ساتھ ایف سی، رینجرز ، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستان کے بہادر عوام کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ کتاب میں شامل ہر مضمون ایک ایسا شفاف آئینہ ہے، جس میں شہدائے وطن کے پر انوار خد و خال اور غازیان ملک وملت کے پر خطر حربی معر کے اور ان سے وابستہ رشتے داروں، عزیزوں اور دوستوں کے دلوں کی کیفیت آپ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں گے ۔ چونکہ ان تحریروں میں کئی ایسے وقت پر لکھی گئیں جب دہشت گردی اپنے عروج پرتھی ، یا اس کے خلاف کوئی مخصوص آپریشن کیا جارہا تھا۔ اس لئے ان تحریروں میں آپ کو اس وقت کے جذبات و احساسات کا عکس نظر آئے گا۔ وطن کی مٹی اور فرض کی پکار پر لبیک کہنے والوں کی یہ داستانیں پڑھتے ہوئے کئی مرتبہ آپ کی آنکھیں نمناک تو ہوں گی مگر اس کے ساتھ ساتھ فخر و حوصلے کے بذبات بھی مہمیز ہوں گے کیونکہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے شہیدوں اور غازیوں کو یاد بھی رکھتی ہیں اور خراج تحسین بھی پیش کرتی ہیں۔ ادارہ ان تمام تحریر نگاروں کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے ارض پاک کے شہیدوں اور غازیوں سے متعلق اپنی تحریروں کے ذریعے وانگی کا والہانہ اظہار کیا ہے۔ ہمیں امید ہے “جنون رخ وفا کی طرح اس کتاب اہل عزم و ہمت کے مضامین کو بھی قارئین کی جانب سے پزیرائی حاصل ہوگی۔
میجر جنرل بابر افتخار
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز
جنرل ہیڈ کوارٹرز ، راولپنڈی
14 اگست 2020.