تنویر البیان فی توضیح مفردات القرآن – قرآنی صیغہ جات
تقریظ
نحمده ونصلي ونسلم على رسوله الكريم . اما بعد:
قرآن کریم اللہ تعالی کی مقدس کتاب ہے جوفخر الموجودات ،سید الکائنات ، سید الانبیاء و خاتم المرسلین حضرت محمد صلى الله عليه وسلم پر نازل ہوئی ہے قرآن مجید اللہ رب العزت کا پاکیزہ کلام اور آخری کتاب ہے اللہ تعالی نے اس کتاب کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے “إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ“ الآية – دنیا چونکہ دارالاسباب ہے اسباب کے درجہ میں اللہ تعالی نے حسب وعدہ الفاظ کی حفاظت حفاظ سے اور معانی و مطالب کی حفاظت علماء مفسرین سے اعراب و ترکیب کی حفاظت علماء نحات سے صیغہ جات اور تعلیمات کی حفاظت صرفی علماء کرام سے کرائی ہے۔ اس طرح ان شاء اللہ، اللہ تعالی کا کلام مقدس تا قیامت ہمہ قسم تغیر و تبدل سے محفوظ رہے گا۔
قرآنی خدمات ایک بڑی سعادت ہے کہ اب تک کتنے خدا کے بندوں نے اس کے خزانے لٹائے ہیں ۔ صرف تفاسیر کا شمار کرنا بھی بہت مشکل ہے۔ اردو خوان طبقے کیلئے چونکہ قرآن مجید کو براہ راست سمجھنا مشکل ہے اس لئے اللہ تعالی نے کچھ ایسا انتظام فرمایا ہے کہ اہل علم و دانش کی شکل میں قرآن فہمی کی راہ کو آسان بنانے کیلئے ہر دور میں اس مخصوص طبقے سے کام لیا ہے اس کیلئے انہوں نے قرآن مجید کے تراجم، تفاسیر لکھیں ، علوم القرآن پر کتب لکھیں ، قرآنی لغات اور قرآنی عربی کے قواعد کو سہل انداز میں پیش کیا۔ اسی مبارک سلسلے کی ایک کڑی یہ کتاب تنویر البیان فی توضیح مفردات القرآن“ ہے جس کو ہمارے مدرسہ کے استاد محترم و مکرم مولانا حافظ محمد عثمان صاحب حقانی نے مرتب کی ہے۔ بلاشبہ یہ کاوش قابل داد و قابل دید ہے۔ میں نے اس کتاب کو مطالعہ کیا ہے کوئی ایسی قابل اعتراض و قابل مواخذہ جگہ نظر سے نہیں گزری۔
مؤلف نے پورے قرآن مجید کے مفردات کو ہفت اقسام کی ترتیب پر بہترین انداز میں حل فرما دیئے ہیں۔ الفاظ کے حوالہ جات کے ساتھ ساتھ ان کے معانی بھی لکھے ہیں اور ان کے مادے، ابواب ، صیغے اور قوانین کو تفصیلاً مرتب کیا ہے۔ اس تالیف سعید کے بہت سے خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ ہے کہ مفت اقسام یا مختلطات میں سے اگر استاد طلبہ کرام کو اجراء کرانا چاہتا ہے تو بہت ہی آسان طریقے کے ساتھ کراسکتا ہے۔ دست بدعا ہوں کی اللہ تعالیٰ مؤلف کی اس قرآنی خدمت کو شرف قبولیت سے نوازے اور آئندہ بھی ایسی ہی خدمات کی سعادت عطا فرمائے ۔ آمین۔
شیخ الحدیث حضرت مولانا سید قاسم شاہ (صاحب)
خادم : مدرسه عربیہ شمس العلوم ژوب (بلوچستان )
Tanveer ul Bayan fi Mufradat ul Quran
By Maulana Muhammad Usman Haqqani