دروس رمضان
مؤلف : مولانا عبد الاحد بستوی
پیش لفظ دروس رمضان
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ بہت سی خوبیوں کا حامل ہے، انہی میں سے ایک یہ ہے کہ یہ مومن کی تربیت وٹرینگ کا مہینہ بھی ہے، تقریباً دس سال سے اوپر کا زمانہ امامت کی خدمت میں گزر گیا ہے، اس درمیان جب بھی رمضان کا مہینہ آتا تھا۔۔۔۔۔ تو چونکہ جس علاقہ میں راقم الحروف امامت کا فریضہ انجام دیتا ہے، یہاں بعد نماز فجر ” فضائل اعمال کتاب پڑھنے کا معمول ہے۔۔۔۔۔لہذا میں بھی پڑھتا تھا لیکن دل میں یہ تڑپ اور فکر رہتی تھی کہ یہ تربیت کا مہینہ ہے، اس لیے اس مہینہ میں فضائل کی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تعلیم اور رمضان سے متعلقہ ضروری مسائل بھی لوگوں کے سامنے آنا چاہیے، تا کہ لوگ زیادہ مستفیض ہوں، پھر اسی فکر و خیال کو بنیاد بنا کر بندہ نے ” دروس رمضان“ کے نام سے تیس (۳۰) اسباق پر مشتمل کتاب ترتیب دینے کا عزم بالجزم کر لیا، پروردگار کے فضل و کرم سے تقریباً ایک سال کی محنت کے بعد
یہ مجموعہ مکمل ہوا ، جواب آپ کی خدمت میں حاضر ہے، الحمد لله الذي بنعمته تتم الصالحات. در اصل یہ مجموعہ میں نے اپنے اور اپنے مقتدیوں کے لیے رمضان میں بعد نماز فجر تعلیم کی غرض سے سنانے کے لیے مرتب کیا تھا، جب اس کا تذکرہ میں نے استاذی المکرم حضرت مولانا محمد رضوان صاحب ندوی دامت برکاتہم سے کیا اور دروس کی فائل حضرت کو بھیجا، تو حضرت والا نے بہت خوشی کا اظہار فرمایا اور خوب دعاؤں سے نوازا اور بعد میں تقریظ بھی عنایت فرمائی ، فجزاهم الله احسن الجزاء فى الدنيا والآخرة. اب اس مجموعہ کو آپ کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے، کمی بیشی کا زیادہ امکان ہے، لہذا اگر اس میں کچھ کمیاں نظر آئیں تو از راه اصلاح مطلع فرمائیں، بندہ ممنون و مشکور ہوگا ، اور اگلے ایڈیشن میں اس کمی کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ان شاء اللہ ۔ آخر میں دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالی اس مجموعہ کو نافع بنائیں ، معاونین ومخلصین کو بہترین صلہ نصیب فرمائے ، میرے والدین کریمین و اساتذہ کرام کے لیے صدقہ جاریہ بنائیں، اور راقم کے لیے ذخیرہ آخرت بنائیں، آمین۔
طالب دعا : عبد الاحد بستوی ۷ / مارچ ۲۰۲۴ ء بروز جمعرات
Duroos e Ramzan
By Maulana Abdul Ahad Bastawi