ہمارے رسول ﷺ
حرف اولین
الحمد لله رب العالمين والصلاة والسلام على سيدنا محمد وعلى آله وصحبه أجمعين.
رب دو جہاں کا احسان عظیم ہے کہ اس نے اس سسکتی ، چینی ، کراہتی اور جاں بہ لب دنیا کے انسانیت میں محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی اور ہادی عالم بنا کر ایک نسخہ کیمیا لیکر بھیجا ، آپ کی بعثت سے مردہ دلوں میں جان آگئی ، ایمان ، اور اقدار واخلاق کے لحاظ سے سوکھی اور بنجر زمین ایک آن میں لہلہا اٹھی ، اس رسول عربی نے زندگی کے ہر شعبے اور ہر پہلو کے بارے میں افراط و تفریط سے پاک انتہائی معقول، معتدل، متوازن اور بہترین راستے بتائے ، صرف زبانی کلامی نہیں ؛ بلکہ اپنی سیرت و کردار سے بنی نوع انسانی کے ہر طبقے کے لئے انفرادی واجتماعی ہدایات دیں جو تا قیامت چراغ راہ کی حیثیت سے اسوہ دو نمونہ عمل رہیں گی ، اس نبی کی زندگی کھلی کتاب ہے، کوئی گوشہ پردہ خفاء میں ( پرائیویٹ ) نہیں ، اس نبی پہ اور اس کے ختم نبوت پر ایمان لانا ، اس کے اخلاق و کردار سے آگاہی حاصل کرنا ، اس سے دلی محبت کرنا ، اس کی اطاعت واتباع کرنا ، اس کے حکم پر سر تسلیم خم کرنا ، اس کی دعوت کو عام کرنا اور اس پر زیادہ سے زیادہ درود وسلام بھیجنا ہر مسلمان کے لئے فریضہ ایمانی ہے اور جس پر ہماری فلاح و نجات کا دارو مدار ہے۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی معرفت جس قدر قوی و محکم ہو گی آپ سے محبت بھی اسی قدر شدید ہوگی ، معرفت کی کمی سے آپ کی محبت میں کمی واقع ہوگی، سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت وعقیدت اور آپ کی عظمت و برتری کے احساس کو بیدار کرنے اور اسے اپنے ذہن و دماغ اور سیرت و کردار میں پروان چڑھانے کے لیے آپ کی سیرت پاک کا مطالعہ نہایت ضروری ہے، الحمد للہ دنیا کی تقریباً ہر اہم زبان میں آپ کی سیرت پاک سے متعلق مستند و معتبر چھوٹی و بڑی کتابیں موجود ہیں، جن سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور حیات طیبہ سے آگاہی حاصل کی جارہی ہے۔
زیر نظر رسالہ ہمارے رسول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، جس میں سیرت نبوی سے متعلق مفصل ابحاث کو انتہائی اختصار کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تا کہ نسل نو خصوصاً اسکول و کالجز کے طلبہ کے لئے لئے استفادہ آسان ہو سکے اور بچوں کی اٹھان اور نشو ونما اسلامی خطوط اور محبت رسول پہ ہو سکے اور زندگی کے کسی اگلے مرحلے میں کوئی نظریہ اور کوئی شخص ذہنی اغوا کر بچوں کو ان کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ یا ان کی سیرت کے خلاف ذہن سازی نہ کر سکے۔ اللہ تعالیٰ اس حقیر سی محنت کو قبول فرما کر میرے اور میرے والدین کے لئے ذخیرہ آخرت اور ذریعہ نجات بنائے اور روز قیامت شفیع اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت نصیب فرمائے ، آمین
شکیل منصور القاسمی
سید پور ، بیگو سرائے
یکم ربیع الاول ۱۴۴۵ ھ بروز اتوار
Hamaray Rasool [SAW]
By Mufti Shakeel Mansoor Qasmi
Discover more from E-Islamic Books
Subscribe to get the latest posts sent to your email.